کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، حکومت پاکستان اسرائیل کے لئے نرم گوشہ رکھنے والوں کے خلاف نوٹس لے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب کے نو منتخب سیکرٹری ارمان صابر، نائب صدر سعید سربازی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین سابق رکن قومی اسمبلی و امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی،نائب امیر مسلم پرویز، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ارشد نقوی،پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، قاضی زاہد حسین، جعفریہ الائنس پاکستان کے رہنما سید شبر رضا، انٹر فیتھ کے چیئر مین راؤ ناصر علی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کراچی پریس کلب میں ملاقات کے دوران کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب سیکرٹری اور اراکین سے ملاقات کی اور نو منتخب اراکین کو مبارک باد دی جبکہ اس موقع پر گلدستہ اور مٹھائی بھی پیش کی گئی ۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین تمام مسائل سے اہم ترین مسئلہ ہے اور صحافی برادری فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ مل کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کا اسرائیل سے تعلقات قائم کرنا اور پاکستان کو اسرائیل سے تعلقات کے لئے مجبور کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ریاست ہے جس کی خارجہ پالیسی کے اصولوں میں بانیان پاکستان نے اسرائیل کی جعلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا ہے تاہم کسی بھی قیمت پر فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور فلسطین میں جاری ظلم و بربریت پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
اس موقع پر وفد نے صحافی برادری سے بھی ان کے مطالبات کی منظوری کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔