ملتان (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نام نہاد غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔ رہنماؤں نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملوں اور رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی المناک شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت تحریکِ آزادیٔ فلسطین کو مزید مضبوط اور توانا بنائے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے مسلمان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مسجدِ اقصیٰ سے مسلمانوں کی گہری عقیدت اور محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم پوری دنیا کے سامنے ہیں اور فلسطینی عوام، خصوصاً غزہ کے مسلمانوں کی مزاحمت ان کا جائز حق ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ اگر آج مسلمان متحد ہو جائیں تو فلسطین کی آزادی کا خواب جلد حقیقت بن سکتا ہے۔ انہوں نے ایران پر اسرائیلی حملے کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران جس بہادری اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کر رہا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ اور فلسطین کا مسئلہ محض سیاسی نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے ایمان کا مسئلہ ہے۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیت المقدس بہت جلد آزاد ہوگا اور فلسطینی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔


