فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور ملی یکجہتی کونسل سند ھ کے نائب صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کی سربراہی میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منور حسن سے ملاقات کی ہے ،
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد میں علامہ قاضی نورانی صدیقی سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور مرکزی ترجمان صابر کربلائی شریک تھے جبکہ جماعت اسلامی کے دیگر رہنماؤں میں نسیم صدیقی، مسلم پرویز اور زاہد عسکری بھی موجود تھے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن سے ملاقات کے دوران فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے فلسطین فاؤنڈیشن کی پانچ سالہ کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کی اور جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے قیام کے اغراض و مقاصد اور پانچ سالہ کارکردگی سے متعلق آگاہی فراہم کی، اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے سید منور حسن کو گذشتہ سال ہونے والے گلوبل مارچ ٹو یروشلم سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں سید منور حسن نے فلسطین کاز کی حمایت کا اعلان کیا اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے پاکستان میں فلسطینی کاز کے لئے کی جانے والی اخلاقی اور سیاسی حمایت کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عظیم کاز ہے جس کے لئے فلسطین فاؤنڈیشن کی جس قدر تعریف کی جائے کم ہے۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ ہر وقت فلسطین کاز کے لئے حاضر ہیں ، واضح رہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان کو مورخہ انتیس نومبر کو منعقد ہونے والی یکجہتی فلسطین کانفرنس میں بھی شرکت کی دعوت دی۔