عالمی امدادی قافلہ برائے غزہ فریڈم فلوٹیلا پر غاصب صہیونی فوج کا جارحانہ حملہ اسرائیل کی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے،حکومت پاکستان پاکستانی سینئر صحافی طلعت حسین و دیگر کی بازیابی کے لئے فوری اقدامات کرے اور پاکستان میں موجود امریکی سفیر کو دفتر خارجہ بلا کر سخت احتجاج کرے۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فریڈم فوٹیلا پر ہونے والے اسرائیلی حملے کے خلاف کراچی پریس کلب تا امریکی قونصلیٹ تک نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جماعت اہلسنت اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما قاضی احمد نورانی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مولانا حسن ظفر نقوی اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما علی اوسط سمیت انجم طلبائے اسلام پاکستان کے صوبائی صدر عبید نورانی اور زبیر ہزاروی نے کیا۔
احتجاجیریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ عالمی امدادی قافلہ برائے غزہ فریڈم فوٹیلا پر غاصب صہیونی افواج کے جارحانہ حملے کے نتیجہ میں ٢٠ سے زائد افراد کی شہادت اور 60سے زائد افراد کے ذخمی ہونے پر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے اور گذشتہ شب نہتے عوام پر اسرائیلی بربریت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اسرائیل نہ صرف امت مسلمہ کے لئے خطرہ ہے بلکہ اسرائیل عالم انسانیت کے لئے ایک سنگین خطرے کی صورت اختیار کر چکا ہے ،جس کا علاج جلد کیا جانا چاہئیے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل امریکی پشت پناہی پر دنیا بھر میں دہشت گردانہ کاروائیاں سر انجام دے رہاہے جس کے لےئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے،رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ غاصب صہیونی افواج کی جانب سے جاری غزہ کا محاصرہ ختم کروانے کے لئے عملی اقدامات کرے اور عالمی امدادی قافلے پر حملے کے خلاف سخت نوٹس لے اور حکومت پاکستان پاکستانی سینئر صحافی طلعت حسین سمیت دیگر پاکستانی شہریوں کی بازیابی کے لئے فوری اور موثر اقدامات کرے جبکہ مقررین نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی دفتر خارجہ پاکستان میں مقیم امریکی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے امریکی بغل بچے اسرائیل کے اس گھناؤنے فعل پر شدید احتجاج کرے۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملہ صرف ایک امدادی جہاز پر نہیں ہے بلکہ 40سے زائد ممالک پر حملہ ہے جن کے مندوبین جہاز میں موجود تھے،رہنماؤں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے عالمی قافلے پر حملہ کرکے سنگین غلطی کا ارتکاب کیا ہے جس کی اسے سزا ملنی چاہئیے ۔
رہنماؤں نے غاصب صہیونی ریاست کی اس دہشت گردانہ کاروائی پر دنیا بھر کی خاموشی کو شر مناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے حکمرانوں کو چاہئیے کہ امریکی کاسہ لیسی ترک کر دیں اور اپنے مشترکہ دشمن اسرائیل کے خلاف بر سر پیکار ہو جائیں۔اس موقع پر مظاہرین نے کراچی پریس سے ریلی کی صورت میں امریکی قونصلیٹ تک مارچ کیا اور امریکا اور اسرائیل مخالف شدید نعرے بازی کی۔واضح رہے کہ امریکی نواز پاکستانی انتظامیہ کے اہلکاروں نے ریلی کو روکنے کے لئے بھرپور رکاوٹیں کھڑی کیں مگر ناکام رہیں۔شرکائے ریلی نے امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے جبکہ ہاتھوں میں اسرائیل عالم انسانیت کے لئے خطرہ اور اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت اور فلسطینیوں کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔
===================================