کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین نے منگل کے روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین تاریخ کے سنگین دور سے گذر رہا ہے۔ دنیا میں پھیلی کورونا وبا کے باعث جہاں کئی ایک اور مسائل نے جنم لیا ہے وہاں مسئلہ فلسطین کو بھی پس پشٹ ڈال دینے کی ہر ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے۔
آج پہلے کی نسبت فلسطین کا ز کے خلاف اندرونی بیرونی دشمن سرگرم ہو چکے ہیں۔ امریکہ اسرائیل، ہندوستان اور ان کے دوست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔کشمیر میں مظلوم عوام انصاف کی راہ تک رہے ہیں۔پریس کانفرنس سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، مسلم پرویز، مولانا باقر زیدی، علامہ قاضی احمد نورانی، اسرار عباسی، ارشد نقوی،یونس بونیری، پیرزادہ ازہر ہمدانی، مطلوب اعوان، صادق شیخ، کرامت علی، عرم بٹ، بشیر سدوزئی اور سیسیلن جیمز سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک میں ہر سال آخری جمعہ کو اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی ؒ کے فرمان کے مطابق دنیا بھر میں یوم القدس منایا جاتا ہے۔ یوم القدس ایک ایسا تاریخی موقع ہے کہ جو نہ صرف فلسطینی مظلوم عوام سے مناسبت رکھتا ہے بلکہ دنیا کی تمام مظلوم اقوام کے حق کی بات کرتا ہے۔ اس عنوان سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں یکجہتی فلسطین اور یوم القدس کی مناسبت سے ملک گیر مہم کا آغاز کر رہی ہے جس کا عنوان ”اسرائیل سے تعلقات مسلم امہ کے اتحاد کے خلاف سازش“ رکھا گیا ہے۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ اس مہم کے تحت ملک بھر میں یکجتی فلسطین کے عنوان سے پروگرام ترتیب دئیے جائیں گے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے عناصر کے خلاف رائے عامہ ہموار کی جائے گی۔ ان کاکہنا تھا کہ کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد پانچ مئی کو کیا جائے گا جبکہ ملک بھر میں اسرائیل مخالف بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے۔ ان کاکہنا تھا کہ کوئٹہ، ملتان، لاہور، اسلام آباد، پشاور، سکھر،فیصل آباد اور مظفر آبادسمیت ملک کے دیگر مقامات پر کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک کی معروف سیاسی وسماجی شخصیات شریک ہوں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سینیٹرز خواتین و حضرات کا ایک آن لائن ویبنار 25اپریل کو منعقد کیا جائے گاجس کی صدارت سینیٹر رحمان ملک کریں گے۔
رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کی مناسبت سے مرکزی القدس ریلی کے راستے میں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے صہیونی مظالم سے متعلق تصویری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ جمعۃ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کے لئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط ارسال کیا گیا ہے جس میں مسئلہ فلسطین سے متعلق حالیہ صورتحال اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنانے والے ممالک سے متعلق اہم امور کی طرف توجہ دلوائی گئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے یکجہتی فلسطین کے تمام اجتماعات بالخصوص یوم القدس کے اجتماعات میں شریک ہوں۔ انہوں نے میڈیا مالکان اور ذرائع ابلاغ سے بھی اپیل کی کہ مسئلہ فلسطین کو بنیادی ترجیحات میں شامل کیا جائے اور اس عنوان سے خصوصی نشریات کا آغاز کیا جائے۔