عبرانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ ناروے کی ایک ترقیاتی تنظیم کی جانب سے مغربی کنارے اور غزہ کے فلسطینی ہسپتالوں کے لیے بھیجے جانے والے طبی سامان پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کر لیا ہے۔ عبرانی زبان میں شائع ہونے والے معروف اسرائیلی اخبار ’’ ھارٹز‘‘ نے صہیونی سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ میڈیکل آکسیجن کے سات سیلنڈروں پر قبضہ کر لیا گیا ہے، صہیونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ طبی سامان کا غیر طبی استعمال کیا جا سکتا تھا۔ اخبار کے مطابق اسرائیلی فوج کو اس آکسیجن کے فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا جس کی وجہ سے ان پر قبضہ کر لیا گیا۔ مگر یہاں یہ حقیقت نظر انداز کی جا رہی ہے کہ ان سات مشینوں میں سے چھ مغربی کنارے جبکہ صرف ایک غزہ میں موجود یورپی ہسپتال کے لیے بھیجی گئی تھی۔