فلسطینی آئینی حکومت کے وزیر اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر طالب ابو شعر نے مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی میں نمازیوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلامی مقدسات اور مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لیے متحرک ہوں۔ طالب ابو شعر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کیا مسلمان حکمران مسجد اقصیٰ کو شہید کیے جانے کے منتظر ہیں۔ جب مسجد کو شہید کردیا جائے گا تب وہ اپنی زبانیں کھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے خلاف صہیونی جرائم جاری ہیں۔ مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کے داخل ہونے، کھدائی کی کارروائیاں اور اسلامی آثار کو مٹانے کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عرب لیگ، اسلامی ممالک اور بین الاقوامی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا کہ اسلامی مقدسات کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کرے۔ انہیں چاہیے کہ میڈیا کی سطح پر جامع پروگرام ترتیب دیں جبکہ اس سلسلے میں کانفرنسز اور ڈبیٹس کا انتظام کیا جانا چاہیے۔