مغربی کنارے کے مرکزی ضلع الخلیل میں فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی فوجی کو گاڑی تلے کچل کر زخمی کردیا، یطا کے مشرقی علاقے میں بویب سکول کے قریب فوجی مرکز کے قریب گھات لگائے بیٹھے فوجیوں نے گاڑی کو روکا جس پر نوجوان نے گاڑی صہیونی فوجی پر چڑھا دی۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوان اپنی سوبارو کار پر سوار ارفاعیہ جا رہا تھا کہ اسرائیلی فوجی نے اسے رکنے کا اشارہ کیا، نوجوان نے گاڑی کا رخ اسرائیلی فوجیوں کی طرف کر دیا اور ایک فوجی کو کچل دیا، نوجوان نے چیک پوسٹ کے قریب ہی گاڑی چھوڑی اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے فورا بعد میجن ڈیوڈ ایڈم کی ایمبولنس موقع پر پہنچ گئی اور فوجی کو جنوبی علاقے کی طرف منتقل کر دیا گیا۔ فلسطینی نوجوان کے فرار ہونے کے بعد اسرائیلی فوجیوں کی بڑی تعداد پورے علاقے میں پھیل گئی اور گاڑی کو تلاش کرنا شروع کیا، اس موقع پر علاقے کے تمام راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں، اور علاقے کو ممنوعہ فوجی علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔