مغربی کنارے میں بلعین کے مقام پر فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے لاٹھی چارج کیا اور زہریلی آنسو گیس استعمال کی جس کے نیتجے میں کم ازکم آٹھ افراد زخمی ہو گئے جبکہ دسیوں افراد زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث متاثر ہوئے۔ رام اللہ کے قریب بلعین کےمقام پر کیے گئے اس مظاہرے میں انسانی حقوق کے نمائندے، ذرائع ابلاغ کے نامہ نگاروں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین بلعین میں اسرائیل کی جانب سے تعمیر کی جانے والی نسلی امتیاز پر مبنی دیوارکی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر نسلی دیوار کی تعمیر روکنے اور تیار شدہ دیوار کے گرائے جانے کےمطالبات درج تھے۔ اس کے علاوہ مظاہرین نے قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ بلعین میں ہونے والے ہفتہ وار احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے مظاہرین کو فوری طور پر رہا کرے اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اس موقع پر فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بڑی تعداد میں فوج اور پولیس تعینات کی گئی تھی۔ قابض فوج نے مظاہرین کومنتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جس سے کم ازکم آٹھ افراد زخمی ہوئے جبکہ زہریلی گیس کے استعمال سے درجنوں افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے، زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔