فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان جنوبی پنجاب کے زیراہتمام فلسطین کے علاقہ غزہ پر اسرائیلی فورسز کے جاری حملوں کے خلاف اور ان حملوں کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونیوالے فلسطینی بے گناہ مسلمانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے ملتان پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں ۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن ،
جماعت اسلامی، پاکستان عوامی تحریک،جنوبی پنجاب شیڈوگورنمنٹ،مجلس وحدت مسلمین،جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماؤں کے علاوہ، ثقلین نقوی، سید محمد علی رضوی، سہیل عابدی، ملک محسن بھٹہ،واپڈایونین کے رہنما سلیم عباس صدیقی، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما سید فضل عباس نقوی، سمیت زندگی کے دیگر شعبوں کے ساتھ تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چھوٹے چھوٹے بچے بھی موجودتھے جنہوں نے اپنے ہاتھوں کینڈل اُٹھائی ہوئی تھیں اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہارہمدردی کررہے تھے۔ شرکء نے اس موقع پر اسرائیل ، امریکہ ، اقوام متحدہ، اوآئی سی اور عرب ممالک کے خلاف بھرپورنعرے بازی کی۔ رہنماؤں نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو سرکاری طور پر عالمی یوم القدس کے طورپر منایا جائے۔