اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے میڈیا ایڈوائزر یوسف فرحات نے کہا ہے کہ عباس ملیشیا نابلس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین فلسطینی مزاحمت کاروں کے قتل کے جرم میں ملوث ہے- انہوں نے کہا کہ علاقے میں اسرائیلی فوج کی درا ندازی فلسطینی صدر محمود عباس کو براہ راست جوابدہ سیکورٹی فورسز کے تعاون سے عمل میں آئی- یوسف فرحات نے کہا کہ مزاحمت کاروں کی شہادت ایسے موقع پر ہوئی جب حال ہی میں فلسطینی صدر محمود عباس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب تک وہ فلسطینی صدارتی آفس میں موجود ہیں وہ کسی تیسری انتفاضہ شروع ہونے کی اجازت نہیں دینگے- یوسف فرحات نے مزید کہا کہ محمود عباس آخر کب تک اپنی کرسی کی خاطر فلسطینی عوام کو اسرائیلی جارحیت کی بھینٹ چڑھاتے رہیں گے- واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے نابلس میں تین فلسطینی مزاحمت کاروں کو شہید کر دیا تھا-