فلسطینی عوامی مزاحمتی تحریک کے سربراہ الشیخ ابو قسم دغمش نے اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل سے ان کی دمشق میں موجود رہائش گاہ پر ملاقات کی. ملاقات کے موقع پر دونوں جماعتوں کے نمائندہ وفود بھی موجود تھے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق دغمش اور خالد مشعل کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی مسلط معاشی ناکہ بندی اور آئے روز ہونے والی ریاستی دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا گیا. دونوں مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیل کے خلا متحد ہو کر مسلح جدوجہد جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا. اس موقع پر ابوقاسم دغمش نے خالد مشعل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی تحریک مزاحمت بیداری اور تیاری کےایک نئے دورمیں داخل ہو چکی ہے. ان کا کہناتھا کہ فلسطینی عوام میں اپنے حقوق کے لیے لڑنے اور ہرقسم کی قربانی دینے کا شعور پہلے سے کہیں بڑھ کر ہے جو مزاحمتی تنظیموں کے لیےایک بڑی کامیابی ہے.