لاہور (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے یوم نکبہ کے عنوان سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت انسانی حقوق کے نمائندوں اور سول سوسائٹی اراکین نے شرکت کی اور فلسطین پر صہیونی غاصبانہ تسلط کے ۷۴ سالہ مظالم کی شدید مذمت کی۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل غاصب ریاست، مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور، فلسطین فلسطینیوں کا وطن اور شہید فلسطینی صحافی خاتون کی تصویریں آویزاں تھیں۔ مظاہرین نے امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی غاصبانہ تسلط کو ۷۴ سال ہو چکے ہیں اور فلسطین کے مظلوم عوام صہیونی ظلم و بربریت کا شکار ہیں لیکن عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطین کے مظلوم عوام کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین سمیت خطے میں دہشتگردی اور بربریت کا منبع غاصب صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل ہے جبکہ عرب دنیا کے حکمران اسرائیل سے تعلقات قائم کر کے فلسطین سمیت عالم اسلام کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں۔
رہنماؤں نے حالیہ دنوں سرکاری ٹی وی چینل سے تعلق رکھنے والے پاکستانی صحافی احمد قریشی کے اسرائیل پہنچنے سے متعلق معاملہ کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ احمد قریشی سمیت ان تمام عناصر کے خلاف سنگین کاروائی کی جائے جنہوں نے پاکستان کے صحافی کو اسرائیل پہنچانے میں معاونت کی ہے۔
رہنماؤں نے کہاکہ خاتون فلسطینی صحافی شیریں ابو عاقلہ نے پیشہ وارانہ سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے فلسطین کی خاطر جان قربان کر کے فلسطینی ملت اور مسلم اُمّہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے تاہم بد قسمتی کی بات ہے کہ پاکستان جیسے عظیم ملک کے سرکاری ٹی وی سے تعلق رکھنے والے صحافی احمد قریشی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات اور افکار سمیت نظریہ پاکستان کو پیروں تلے روند کر اسرائیل میں صہیونی دہشتگردوں سے نلاقاتیں کی ہیں۔
مقررین نے حکومت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ احمد قریشی کے خلاف آئین پاکستان سے غداری کا مقدمہ درج کیا جائے اور چیف جسٹس آف پاکستان از خود نوٹس لیں تا کہ نظریہ پاکستان کا دفاع اور تحفظ یقینی بنایا جائے۔
مقررین نے مسلم اُمّہ کے حکمرانوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی نمک خواری کرنے کی بجائے فلسطینیوں کے حق واپسی اور بنیادی حقوق کے دفاع کے لئے عملی اقدامات انجام دیں اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے معاملہ پر نظر ثانی کریں۔
مقررین نے کہا کہ عرب دنیا کے دوست ممالک کی جانب سے حکومت پاکستان پر اسرائیل سے دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت کو واضح کرتے ہیں کہ فلسطین کے معاملہ میں کسی قسم کی خیانت برداشت نہیں کی جائے گی۔
احتجاجی مظاہرے سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کےعثمان نورانی، فخر محمدی، سید عمار، سلیم انجینئر میاں ادریس، صدام حسین اور دیگر نے خطاب کیا