فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکرڈاکٹر عزیز دویک نے کہا ہے کہ نسلی دیوار فلسطینی عوام اور سرزمین کو تقسیم کرنے کی سازش ہے جس کے خلاف ہرسطح پرآواز اٹھائیں گے۔ جمعہ کے روز نماز جمعہ کے بعد مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کے جنوب میں “معصرہ” کے مقام پر نسلی دیوار کے خلاف ہفتہ وارعوامی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عزیز دویک نے کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنے حقوق کے لیے احتجاج کا حق ہے۔ قومی حقوق کی آواز کوفلسطین کے اندر اور باہر ہر فورم پراٹھایا جائے گا۔ مظاہرے میں مجلس قانون ساز کے اراکین حاتم قفیشہ، محمود الخطیب اور محمد ابوجحیشہ نے بھی شرکت کی اور مظاہرین سے خطاب کیا۔ مقررین نے فلسطینی شہریوں اور تمام جماعتوں سے آپس میں اتٓحاد پیدا کرنے پرزور دیا۔ بیت لحم میں معصرہ کے مقام پرہونے والے احتجاجی مظاہرے کے بعد مظاہرین نے نسلی دیوار کی طرف مارچ بھی کیا۔ اس موقع پر تعینات صہیونی فوج اور پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ متعدد افراد کو حراست میںبھی لیا گیا۔