مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
قابض اسرائیلی فورسز نے منگل کے روز رام اللہ میں جامعہ بیرزیت اور مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے ابو ديس میں واقع جامعہ القدس پر وحشیانہ یلغار کی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فورسز نے جامعہ القدس کے احاطے میں گھس کر اپنی فوجی گاڑیاں مختلف کالجوں کے درمیان دوڑائیں جس کے نتیجے میں طلبہ اور عملے میں شدید افراتفری پھیل گئی۔
قابض اسرائیلی فوج نے شمالی رام اللہ میں جامعہ بیرزیت کے کیمپس پر بھی تین اطراف سے دھاوا بولا اور یونیورسٹی کے متعدد محافظوں کو یرغمال بنا لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج کی بھاری نفری صبح چار بجے یونیورسٹی کے احاطے میں داخل ہوئی اور یونیورسٹی کے سکیورٹی کے پانچ اہلکاروں کو پکڑ کر ان کے موبائل فون بھی ضبط کر لیے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ قابض فوج نے جامعہ بیرزیت کے تینوں مرکزی دروازے بند کر دیے اور کیمپس کی مختلف عمارتوں اور کالجوں میں اپنے سپاہیوں کو پھیلا دیا جس سے تعلیمی ماحول خوف و ہراس میں بدل گیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ اور عملے کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اور انتظامی سرگرمیاں صبح نو بجے تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔
اسی سلسلے میں قابض اسرائیلی فورسز نے بلدتہ بیرزیت پر یلغار کے دوران چھ فلسطینی نوجوانوں کو بھی گرفتار کر لیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے نوجوانوں میں محمد ضیاء، مجد ضیاء، سامر المصری، صالح وشحہ اور دو بھائی اَیسر کنعان اور ایہم کنعان شامل ہیں۔ یہ گرفتاریاں گھروں پر وسیع مہم کے دوران ہوئیں جن میں قابض فورسز نے شہریوں کے گھروں میں موجود سامان کو بھی تباہ کیا۔