(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیلوں میں گذشتہ دوماہ سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیر محمد بلال کاید کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تحریک فلسطین سے نکل کرعرب ملکوں تک پھیل گئی ہے۔ گذشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میں بلال کاید کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیروت میں ریڈ کراس کے دفتر کے باہرسیکڑوں افراد نے جمع ہو کر اسرائیلی جیل میں دو ماہ سے بھوک ہڑتال کرنے والے اسیر محمد بلال کاید کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
مظاہرے کا اہتمام بیروت میں انسانی حقوق کی تنظیموں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔ مظاہرے میں مقامی وکلاء برادری کے نمائندوں اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے مردو خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عرب وکلاء فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل عمر زین نے اسیر بلال کاید کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بلال کاید کو صہیونی زندانوں سے نکالنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
مظاہرے میں یکجہتی مہم کے کورآڈینیٹر فہد حسین، سابق لبنانی وزیر بشارہ مرھج اور دیگ راہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں اسیر بلال کاید کی تصاویر، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پربھوک ہڑتالی بلال کی فوری رہائی کے مطالبات درج تھے۔
خیال رہے کہ بلال کاید نے 14 سال آٹھ ماہ تک اسرائیلی جیل میں باضابطہ قید کاٹی۔ اس کی قید کی مدت پوری ہونے پرصہیونی حکام نے اسے رہا کرنے کے بجائے انتظامی حراست میں منتقل کردیا تھا جس پراس نے گذشتہ دو ماہ سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔