مقبوضہ مغربی کنارے میں صدر محمود عباس کی جماعت الفتح نے عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی کے اسرائیل کے ساتھ خفیہ راز افشاء کیے جانے کے بعد الجزیرہ کے اس اقدام کےخلاف احتجاجی مظاہروں میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فتح نے مغربی کنارے میں جمعرات اور جمعہ کو الجزیرہ ٹی وی کےخلاف اور فلسطینی اتھارٹی کے حق میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا. جمعرات کو تمام تر ریاستی مشینری کے استعمال کے باوجود شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر فلسطینی اتھارٹی کے حق میں احتجاج میں حصہ نہیں لیا. جمعہ کے روز بھی مختلف شہروں میں فتح کی جانب سے مظاہروں کی کال دی گئی تھی تاہم سڑکوں پر بہت کم لوگ فتح کے اکا دکا مظاہروں میں دکھائی دیئے ہیں. ادھر فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے کی مساجد کے آئمہ اور علماء سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے خطبات میں قطر اور اس کے ٹی وی چینل الجزیرہ کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی کے خفیہ راز افشاء کرنے کے خلاف اپنی تقاریر میں شدید تنقید کریں. مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی کنارے کے بیشترعلماء نے قطری ٹی وی کے اقدام کو سراہا ہے اورالٹا فلسطینی اتھارٹی کو اسرائیل کے ساتھ خفیہ مذاکرات کے دوران فلسطینیوں کے حقوق پرسمجھوتہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے.