مصری محکمہ پاسپورٹ نے فلسطینیوں کے مصر میں داخلے پر پابندی کے احکامات صادر کردیے ہیں۔ مصری پاسپورٹ آفس کے اعلی عہدے دار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان احکامات کے بعد 12 فلسطینیوں کو مصر سے بے دخل کیا جا چکا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق مصر میں موجود فلسطینیوں کو ان ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے جہاں سے وہ آئے تھے۔ دوسری جانب قاھرہ ائیر پورٹ کے ایک ذمہ دار مصدر ملاحی کے مطابق مصری فضائی کمپنیوں کو فلسطینیوں کو نہ لانے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ قاھرہ میں فلسطینی سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق آنے والے وقت میں کوئی فلسطینی مصر نہیں آ سکے گا تاہم مصر میں قیام کا ویزے کے حامل افراد، مصر میں بیاہی گئی فلسطینی خواتین اور سفارتی ویزا رکھنے والے فلسطینی اس پابندی سے مستثنی ہیں۔