(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی مظلوم عوام کی مدد کرنا سیاسی واخلاقی فریضہ ہے ، فلسطین فاؤنڈیشن کی پاکستان میں مسئلہ فلسطین کی حمایت کے حوالے سے خدمات لائق تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے سیاسی مشیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عبد القیوم سومرو نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے سینیٹر عبد القیوم سومرو سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کے رکن اور جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کی سربراہی میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر وفد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، تنظیم الاخوان پاکستان کے مرکزی رہنما لئیق احمد خان ، ڈاکٹر مدثر حسین اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم بھی شریک تھے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عبد القیوم سومرو کاکہنا تھا کہ انتہائی افسو س کی بات ہے کہ ملت فلسطین گذشتہ ساٹھ برس سے اسرائیل مظالم کا نشانہ بن رہی ہے لیکن مسلم امہ متحد ہو کر فلسطینی عوام پر صیہونی مظالم کے سلسلہ کو بند کروانے میں ناکام رہی ہے، ان کاکہنا تھا کہ مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس آج بھی غاصب صیہونی شکنجہ میں ہے اور قبلہ اول کی بازیابی کا کا واحد حل مسلمانوں کی وحدت و اتفاق ہے ۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے سینیٹر عبد القویم سومرو کو فلسطین فاؤنڈیشن کی دس سالہ کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی اور آئیندہ دنوں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عنوان پر ہونے والے مشاعرہ بعنوان ’’فلسطین، فلسطینیوں کا وطن‘‘ میں سینیٹر عبد القیوم سومرو کو بطور مہمان خصوصی دعوت پیش کی جس پرانہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت کو قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنی تمام تر مصروفیات سے وقت نکال کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں منعقد ہونے والے مشاعرے میں ضرور شرکت کریں گے۔