مرکز اطلاعات فلسطین کے زیراہتمام کیے گئے ایک عوامی سروے میں رائے دہندگان کی بھاری اکثریت نے فلسطینی صدر محمود عباس کے اسرائیل کے ساتھ امن سمجھوتے کی شدید مخالفت کی ہے. سروے رپورٹ میں رائے پیش کرنے والے 94 فیصد افراد نے اسرائیل کے ساتھ محمود عباس کے سمجھوتہ عمل کو فلسطینیوں کے لیے نقصان قرار دیتے ہوئے اسے دستکش ہونے کا مطالبہ کیا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے عربی ویب پورٹل پر ایک ہفتے پر جاری رہنے والے آن لائن سروے میں صرف 04 فیصد شہریوں نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا. فلسطینیوں کی اکثریت نے ایک دوسرے سوال پر رائے دی کہ محمود عباس مسئلہ فلسطین سلامتی کونسل میں لے جانے کی صلاحیت نہیں رکھتے. خیال رہے کہ حال ہی میں صدرمحمود عباس نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ بہ قول ان کے امن مذاکرات ناکام ہوئے توفلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ سلامتی کونسل میں لے جائیں گے.