( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد کی سابق وزیرداخلہ رحمان ملک سے ملاقات ، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال۔
سابق وزیر داخلہ اور چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ریفارمز سینیٹر رحمان ملک سے فلسطین فاؤنڈیشن آف پاکستان (پی ایل ایف) کے وفد نے ڈاکٹر صابر ابو مریم کی زیرصدارت ملاقات کی اور فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار پر اپنی خاموشی توڑے اورقابض صیہونی ریاست کے سنگین جرائم کے خلاف 3عملی اقدامات کرے ۔
وفد نے سینیٹر رحمان ملک کو فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے لئے آواز اٹھانے میں ان کی بے مثال خدمات اور انتھک کوششوں کے اعزاز میں ‘پی ایل ایف کا چیف پیٹرون’ بننے کی پیش کش کی جسے انہوں نے قبول کیا اور وفد کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے دعا کی کہ اللہ ہمیں ہمت عطا کریں کہ ہم کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا آبائی وطن ہے اور غیر مقامی یہودیوں کو فلسطین کی فلسطین سرزمین پر کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مظلوم عوام کی مظلومیت کو دیکھ کر دل خون کا آنسو روتا ہے۔
انہوں نے پی ایل ایف اور آئی آر آر کے زیر اہتمام فلسطین اور کشمیر سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا جس میں دنیا بھر کے اسکالرز اور کارکنوں کو مدعو کیا جائے گا۔
سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ اسرائیلی اور بھارتی مظالم سے آزادی کا خواب پورا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے امور پر بین الاقوامی سطح پر جامع بحث کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ مشرق وسطی میں فلسطینی عوام کو ان کے حقوق دیئے بغیر امن حاصل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک امن کوریڈور قدس کمپلیکس کے نام پر تعمیر کیا جانا چاہئے جس میں تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنے مذہبی فرائض کی انجام دہی کی اجازت اور مکمل آزادی ہو