مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
یورپی پارلیمنٹ میں بروسلز میں منعقدہ ایک خصوصی نشست میں فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع میں نمایاں خدمات کے اعتراف کے طور پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی مندوب فرانسیسکا البانیز کو “فزعہ” مہم کی جانب سے اعزاز دیا گیا۔ یہ مہم کمیٹی عوامی مزاحمتی رابطہ کمیٹی کی شاخ ہے جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں عوامی مزاحمت کی حمایت کرتی ہے۔
اس موقع پر لمى نزیہ جو کمیٹی کی رکن ہیں نے البانیز کو اعزازی شیلڈ پیش کی، جس میں یورپی سفارت کار، یورپی پارلیمنٹ کے مختلف سیاسی دھڑوں کے ارکان اور بین الاقوامی حقوقی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
لمى نزیہ نے اس اعزاز کے موقع پر کہا کہ البانیز کی کوششیں فلسطینیوں کے حقوق کی دستاویز بندی اور ان کے دفاع میں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “فزعہ” مہم اس سال خصوصاً بڑھتے ہوئے قابض اسرائیل کے آبادکاروں کے مظالم کے پیش نظر کھیتوں کی حفاظت، زمینوں کی حفاظت اور مزاحمتی کمیٹیوں اور رضا کاروں کے تعاون سے مظالم کی دستاویز بندی میں سرگرم عمل ہے۔
فرانسسکا البانیز نے مہم کی کوششوں اور اس کے میدان میں کردار کو سراہا اور کہا کہ فلسطینی عوام کی مقامی پہل کاری حقوق کی حفاظت اور مسلسل مظالم کے سامنے صمود کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
اپنی تقریر کے اختتام پر لمى نزیہ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ آبادکاروں کے حملوں کو روکنے اور فلسطینی شہریوں کی حفاظت کے لیے مزید سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرے، اور ان فریقین کے خلاف کارروائی کرے جو ان مظالم کے ذمہ دار ہیں۔
نشست کا اختتام اس بات پر ہوا کہ بین الاقوامی اداروں اور فلسطینی سول سوسائٹی کے درمیان تعاون کو بڑھانا انتہائی ضروری ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر جوابدہی کو مضبوط کیا جا سکے اور فلسطینی عوام کی استقامت کو بڑھاوا دیا جا سکے۔