قابض اسرائیلی فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے متعدد دیگر اداروں نے فلسطینیوں کے فدائی حملوں کی روک تھام کے لیے مشترکہ مشقیں شروع کی ہیں. اسرائیلی پولیس ذرائع کے مطابق یہ مشقیں فوج کی نگرانی میں مقبوضہ بیت المقدس کے ایک خفیہ مقام پر جاری ہیں جس میں پولیس، فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں.جنگی مشقوں میں فلسطینیوں کی طرف سے کسی بھی فدائی حملے سے نمٹنے کے لیے مختلف طریقوں پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے. پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو حال ہی میں ایسی اطلاعات ملی تھیں جن سے یہ تاثر ملتا ہے کہ فلسطینیوں کی نئی نسل میں فدائی حملوں کا تاثر ایک بار پھر تقویت پکڑ تا جا رہا ہے. خیال رہے کہ حال ہی میں صہیونی انٹیلی جنس اداروں نے خبردار کیا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان راست مذاکرات کےآغاز کے بعد فلسطینیوں کی طرف سے فدائی کارروائیوں میں اسرائیلی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے. اسی خدشے کے تناظر میں اسرائیلی فوج اور پولیس نے مشترکہ مشقیں کی ہیں.