فلسطین کی آئینی حکومت کے وزیر داخلہ فتحی حماد نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے امریکا اور اسرائیل کی مدد سے حماس کے خلاف بدترین میڈیا مہم شروع کر رکھی ہے- انہوں نے غزہ میں پولیس کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی حماس کے خلاف میڈیا مہم چلا کر مالی بدعنوانیوں کے ان واقعات کو پس منظر میں لے جانا چاہتی ہے جس کی زد فلسطینی اتھارٹی اور فتح کے رہنما ہیں- انہوں نے کہاکہ فلسطینی اتھارٹی اپنی پراگندہ مہم کے ذریعے عوام کو حماس سے بددل نہیں کرسکتی- وہ فلسطینی اتھارٹی کے رہنماؤں کے کرتوت جانتی ہے- واضح رہے کہ فتح نے حالیہ دنوں میں اپنی ویب سائٹ پر غزہ میں حماس کی حکومت کے متعلق بد عنوانیوں کے من گھڑت واقعات پیش کیے ہیں- فتح کی ویب سائٹ پر حماس کے رہنماؤں میں اختلافات پائے جانے کا بھی دعوی کیا گیا ہے- فتحی حماد نے حماس کے خلاف پروپیگنڈہ کی ذمہ داری فتح کے رہنما محمد دحلان پر عائد کی ہے- انہوں نے کہا کہ فتح کی ویب سائٹ پر جو من گھرٹ واقعات پیش کیے جارہے ہیں اس کے پیچھے محمد دحلان کا ہاتھ ہے-