شام کے صدر بشارالاسد نے کہا ہے کہ ان کا مطالبہ صرف فلسطین میں غیر قانونی یہودی آباد کاری روکے جانے تک محدود نہیں، وہ تمام عرب علاقوں سے اسرائیل کے ناجائز تسلط کا خاتمہ چاہتےہیں۔ جمعرات کے روز دمشق میں شام کی سوشلسٹ بعث پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل امن کا خواہاں نہیں اور نہ ہی وہ اس طرف قدم اٹھانے میں سنجیدہ ہے۔ بشارالاسد کا کہنا تھا کہ شام نے اسرائیل سے بالواسطہ طور پر امن بات چیت میں سنجیدگی دکھائی تھی تاہم اس کا جواب مثبت نہیں دیا گیا۔ اسرائیل کے موجودہ روہے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امن عمل کے حق میں نہیں۔ اسرائیل خطے میں قیام امن کے بجائے دوسرے ممالک پران کے موقف میں پسپائی پرزور دے رہا ہے۔ شامی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے بھی مسلمہ حقوق ہیں جن سے کسی صورت بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ اسرائیل امن چاہتا ہے تو اسے ناجائز طورپرقبضے میں لیےگئے تمام فلسطینی اور عرب علاقوں کو خالی کرنا ہوگا۔