غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے انکشاف کیا ہے کہ پٹی کے مختلف علاقوں میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے اب بھی تقریباً 8 ہزار شہداء کے جسدِ خاکی دبے ہوئے ہیں، جبکہ تلاش اور لاشیں نکالنے کی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔
محمود بصل نے جمعرات کو پریس بیانات دیتے ہوئے واضح کیا کہ شہری دفاع کا عملہ انتہائی پیچیدہ حالات اور محدود وسائل کے باوجود اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، جس کی وجہ سے کئی آفت زدہ مقامات تک رسائی میں شدید رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 3 ہزار سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کے انجام کے بارے میں کوئی یقینی معلومات میسر نہیں کہ آیا وہ زندہ ہیں، جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں یا انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ طویل عرصہ گزر جانے اور بھاری مشینری و ضروری تکنیکی وسائل کی کمی کے باعث ملبہ ہٹانے میں درپیش مشکلات کی وجہ سے تلاش کے دوران معلوم ہوا کہ سینکڑوں شہداء کے جسدِ خاکی گل سڑ چکے ہیں یا ان کے نقوش مٹ چکے ہیں۔
