اقوام متحدہ کے فلسطین میں انسانی حقوق کے خصوصی نمائندے رچرڈ فولک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ سرحد پر دیوار تعمیر کرنا قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی ناکہ بندی کے باعث فلسطینی عوام پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور دیوار کی تعمیر سے ان کے مسائل میں مزید اضافہ ہو گا۔ رچرڈ فولک نے غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے پر مجبور کرنے کے لیے اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام سفارتی زبان نہیں سمجھتے، اس لیے اسرائیل پر پابندیاں عائد کیا جانا ضروری ہے۔ ادھر انسانی حقوق کی تنظیموں نے دیوار کی تعمیر کے خلاف یورپ بھر میں مصری سفارت خانوں کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ فلسطینی شہری غذائی ضروریات کے لیے مصری سرحد پر بنائی گئی سرنگوں پر انحصار کرتے ہیں اور اس دیوار کی تعمیر سے غزہ میں ضروری اشیاء کی فراہمی رک جائے گی۔