غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
قابض اسرائیلی افواج نے منگل کے روز ایک بار پھر جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے مشرقی علاقوں پر فضائی اور زمینی بمباری کی، جبکہ تباہ شدہ مکانات کو مکمل طور پر مٹانے کی کارروائیاں بھی جاری رکھیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق قابض اسرائیلی طیاروں نے آج صبح سویرے مشرقی خان یونس پر متعدد فضائی حملے کیے۔
اس سے قبل رات گئے شہر کے مشرقی حصوں پر شدید بمباری کی گئی جبکہ قابض اسرائیلی توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرق میں الشجاعیہ اور التفاح کے علاقوں کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ خان یونس اور غزہ کے مشرقی علاقوں میں عمارتوں کے دھماکوں کی زوردار آوازیں سنی گئیں جو قابض فوج کی جانب سے مکانات کو دھماکوں سے اڑانے کا نتیجہ تھیں۔
گذشتہ روز پیر کو ناصر میڈیکل کمپلیکس نے اعلان کیا تھا کہ رفح شہر کے شمال میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی شہید ہوئے جبکہ خان یونس کے مشرق میں بنی سہیلہ کے علاقے میں ایک فلسطینی ڈرون حملے میں زخمی ہوا۔ اسی طرح غزہ شہر کے مشرقی حصے میں بھی دو فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔
مقامی ذرائع نے تصدیق کی کہ قابض فوج نے ان شہریوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے تباہ شدہ گھروں کا جائزہ لینے کے لیے واپس آئے تھے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق قابض اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی اور قحط کی جنگ کے نتیجے میں سات اکتوبر سنہ2023ء سے اب تک 68 ہزار 865 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 70 ہزار 670 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ اعداد و شمار قابض اسرائیل کی اُس بے رحمانہ مہم کی عکاسی کرتے ہیں جو نہ صرف انسانی جانوں کو نگل رہی ہے بلکہ غزہ کے پورے وجود کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی منظم سازش ہے۔