برطانیہ سے اتوار کے روز غزہ کے لیے عازم سفر ہونے والا امدادی قافلہ منگل کے روز یونان کے راستے ترکی پہنچ گیا۔ جہاں ترکی میں مقیم فلسطینی شہریوں، انسانی حقوق کے نمائندوں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے قافلے کے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ترکی اور یونان کی درمیانی گذر گاہ “بسالا” میں یورپی امدادی قافلے کی ترکی کی سزمین میں داخل ہونے کے موقع پر ہزاروں افراد نے اس کا استقبال کیا۔ ادھرامدادی قافلے میں مزید امدادی سامان شامل کرنے کے لیے ترکی کی ایک رفاہی تنظیم “آئی ایچ ایچ”نے مختلف مقامات پرعوامی اجتماعات کا انعقاد کیا، جہاں قافلے میں امدادی سامان شامل کرنے کے لیے لوگوں سے سامان اور فنڈز اکٹھا کیا گیا۔ اس موقع پر ترکی کی “انسانی حقوق کمیٹی اور ایڈ فارھیومنیٹی” کی چیئرپرسن بولنٹ یلڈرم نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے شہریوں نے امدادی قافلے میں شمولیت کر کے دل کھول کر امداد دی ہے، اس حوالے سے ترکی کے شہریوں کی طرف سے جمع کیا گیا سامان 80 گاڑیوں کے ساتھ امدادی قافلے میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ وہ انقرہ اور استنبول سمیت دیگر بڑے شہروں سے امدادی سامان اکٹھا کرنے کے لیے بدھ کے روز بھی پریس کانفرنس کریں گی۔ جبکہ جمعرات کے روز قافلے کے غزہ کے لیے روانگی کے موقع پر ترک پارلیمنٹیرینز کی قافلے کے شرکاء سے ملاقاتیں کرائی جائیں گی۔