اسرائیل نے غزہ کی پٹی کی مصر سے ملحق سرحد پر بمباری کر کے ایک سرنگ کو نشانہ بنایا ہے جس میں سرنگ کھودنے میں مصروف دو فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ کی پٹی کے جنوبی ضلع رفح سے مصر داخل ہونے کے لیے یہ سرنگیں محصورین غزہ کے لیے لائف لائن کا کام دے رہی ہیں۔ فلسطین کے میڈیکل سٹاف نے تصدیق کی ہے کہ انہیں سرنگ میں سے دو فلسطینیوں کے لاشیں مل گئی ہیں، یہ فلسطینی اسرائیلی بمباری کی نتیجے میں شہید ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع نے میڈیا کو دیے گئے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ شہداء میں سے ایک کی شناخت ہو گئی ہے۔ یہ 22 سالہ عامر ابوحداید ہیں۔ ذرائع نے واضح کیا کہ ابو حداید اپنے ساتھی کے ساتھ سرنگ کھودنے میں مصروف تھا کہ اسرائیل نے سرنگ پر بمباری کر دی جس کے نتیجے میں دونوں شہید ہو گئے۔ اسرائیلی طیاروں نے علی الصبح غزہ کی پٹی کے جنوبی اور شمالی علاقوں پر چار مختلف حملے کیے، ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے پر حملے میں صہیونی طیاروں نے بیت لاھیا اور جبالیا کے شہروں پر متعدد میزائل داغے۔ ’’ مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے جنوب میں بھی کم از کم دو میزائل داغے ہیں جن میں ایک فلسطینی زخمی ہو گیا۔ اس کے بعد اسرائیلی طیاروں نے رفح میں السلام کالونی کے علاقے کو نشانہ بنایا جہاں پر مصر اور غزہ کی سرحد کے درمیان سرنگ کھودی جا رہی تھی۔