غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
فلسطینی سول ڈیفنس نے اتوار کے روز بتایا کہ اس کی ٹیموں نے غزہ کے جنوبی علاقے میں ایک عارضی قبرستان سے 16 شہداء کی لاشیں برآمد کی ہیں۔
ادارے نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تمام میتیں نصار خاندان کے 16 شہدا کی ہیں جنہیں پہلے جنگی حالات کے باعث ایک عارضی قبرستان میں دفن کیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں اصولوں کے مطابق دوبارہ تدفین کے لیے باقاعدہ قبرستان منتقل کیا گیا۔
سات اکتوبر سنہ2023ء سے قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری بڑے پیمانے پر تباہ کن کارروائیوں نے قتل، بھوک، مسماری اور جبری بے دخلی جیسے جرائم کو شدت بخشی ہے جبکہ بین الاقوامی مطالبات اور عالمی عدالتِ انصاف کے احکامات کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
غزہ میں جاری اس جنگ نے اب تک دو لاکھ اڑتیس ہزار سے زائد شہید و زخمیوں کو جنم دیا ہے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ علاوہ ازیں نو ہزار سے زیادہ افراد تاحال لاپتا ہیں، لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں اور شدید قحط نے بے شمار جانیں لے لی ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ پورے غزہ میں تباہی کا پھیلا ہوا منظر موجود ہے۔