Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

خاص خبریں

غزہ کی رفح سرحدی گذرگاہ پر اسرائیل کے یک طرفہ اقدام پر عالمی غصہ

غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن

عرب اور اسلامی ممالک کے آٹھ وزرائے خارجہ نے قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ کی سرحدی گذرگاہ رفح کو صرف ایک سمت سے کھولنے اور اس کے ذریعے اہلِ غزہ کو جبراً مصر منتقل کرنے کے منصوبے پر شدید تشویش اور گہرا ردعمل ظاہر کیا ہے۔

مشترکہ بیان میں مصر، اردن، امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس منصوبے میں جس میں سرحدی گذرگاہ رفح کو دونوں سمتوں سے کھولنے کی شق شامل تھی اس پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد ضروری ہے۔

وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ غزہ کے شہریوں کی آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنایا جائے اور کسی فلسطینی کو زبردستی علاقے سے باہر نکلنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ ایسے حالات پیدا کیے جائیں جن کے تحت اہلِ غزہ اپنی ہی سرزمین پر رہتے ہوئے اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں عملی کردار ادا کریں۔ یہ اقدامات خطے میں دیرپا استحکام کی بحالی اور فلسطینی عوام کی انسانی صورتحال بہتر بنانے کی ایک جامع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

وزرا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹرمپ پلان کے تمام نکات پر بلا تاخیر اور پوری ذمہ داری کے ساتھ پیش رفت ہو تاکہ خطے میں امن، سکیورٹی اور پائیدار استحکام کے امکانات مضبوط کیے جا سکیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جنگ بندی کو مکمل طور پر مستحکم کرنا ناگزیر ہے، تاکہ فلسطینی شہریوں کی مسلسل تکالیف ختم ہوں، انسانی امداد کو بغیر کسی رکاوٹ کے غزہ پہنچنے دیا جائے، تعمیر نو اور بحالی کی فوری کوششیں شروع ہوں اور ایسے حالات فراہم کیے جائیں جن کے تحت فلسطینی اتھارٹی غزہ میں اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال سکے۔ وزراء نے کہا کہ یہی وہ بنیاد ہے جو خطے میں ایک نئے مرحلے کے استحکام کو جنم دے سکتی ہے۔

وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ امریکہ سمیت تمام علاقائی اور عالمی فریقوں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 سمیت تمام متعلقہ عالمی فیصلوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی قانون اور دو ریاستی حل کے اصول کے تحت چار جون سنہ 1967ء کی سرحدوں پر قائم آزاد فلسطینی ریاست ہی خطے میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کی حقیقی بنیاد ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan