سوڈان میں فلسطینی امداد کی مہم نے سوڈان کی بندرگاہ سے غزہ کی جانب ’’ آزادی کا قافلہ ‘‘ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قافلہ کی روانگی کے لیے عوامی سطح پر رقوم اکٹھا کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ سوڈانی اخبار ’’ الرأی العام‘‘ نے سوڈان میں فلسطینی امدادی مہم کے ترجمان پروفیسر ناصر السید کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اس مہم کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں کی قافلے میں شرکت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ یہ قافلہ بہت سا طبی سازوسامان، ادویہ، لوہا اور سیمنٹ لے کر غزہ جا رہا ہے۔ جمعہ کے روز سوڈان کے مختلف شہروں بالخصوص دارالحکومت خرطوم میں متعدد احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ان مظاہروں میں فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی بحریہ کی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔