اسرائیلی زیر انتظام علاقوں کے ملحق غزہ کے سرحدی علاقوں میں کام کرنے والے ایک اور فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ چار سال سے اسرائیلی محاصرے میں گھرے 15 لاکھ اہل غزہ آئے روز ان شمالی علاقوں میں اسرائیلی گولہ باری کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ غزہ میں فلسطینی میڈیکل سروسز کے میڈیا کوآرڈینیٹر ادھم ابو سلمیہ نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت لاھیا میں ایک چند فلسطینی مزدور کام کر رہے تھے کہ اسرائیلی فوج نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے ایک مزدور کے پاؤں میں گولیاں لگیں جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے درجنوں فلسطینی غزہ کے شمالی سرحدی علاقوں پر اسرائیلی جارحیت کا شکار ہو کر شہید یا زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل جان بوجھ کر ان علاقوں میں عمارتی ملبہ اٹھانے والوں کو نشانہ بناتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اکثر زخمی ہونے والوں کے پیروں پر گولیاں ماری جاتی ہیں۔