ایران کے اسلامی انقلاب کے رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ غزہ پر جارحیت کی صورت میں اسرائیل کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کو بچانے کا واحد راستہ مزاحمت اور ثابت قدمی ہے۔ تمام مشکلات اور اسرائیلی مظالم کے باوجود کامیابی فلسطینی مجاہدین کی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے دارالحکومت تہران میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے پولٹ بیورو کے سربراہ خالد مشعل کے استقبال کے موقع پر کیا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے سیاسی کھیل اور چیلنجز کے مقابلے میں ثابت قدم رہنے پر حماس کے رہنماؤں کی تعریف کی۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کی ہرممکن مدد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مسئلہ فلسطین کو اپنا مسئلہ سمجھتا ہے۔ فلسطینیوں کی حمایت اور مدد اسلامی اور قانونی فریضہ ہے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے خلاف عالمی طاقتوں کی دشمنی کی اہم وجہ مسئلہ فلسطین ہے اگر ایران فلسطین کے حوالے سے اپنے مؤقف میں لچک پیدا کرے تو اس کے دشمن کم ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسئلہ فلسطین کا جلد صحیح حل نکال لیا جائے تو امت مسلمہ کی بہت سی مشکلات کم ہو جائیں گی۔ اس موقع پر حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ خالد مشعل نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایران کے مؤقف کو قابل قدر قرار دیا۔