غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقے” البریج مہاجر کیمپ” میں اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری میں ایک خاتون شہید اور دیگر سات افراد زخمی ہو گئے. غزہ میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے ڈائریکٹر معاویہ حسنین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب البریج مہاجر کیمپ پربھاری توپخانے سے کئی راکٹ داغے جس سے ایک چھیالیس سالہ نعمہ نبھاھین نامی خاتون شہید اور سات افراد زخمی ہو گئے جبکہ گولہ باری سے کئی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا. معاویہ حسنین کے مطابق زخمیوں کوغزہ کے مرکزی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان میں سے ایک زخمی کی حالت خطرے میں جبکہ دیگر کی خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے.ادھر واقعے کے بعد شہر میں داخل اسرائیلی فوج نے البریج کیمپ کی طرف آنے والی ایمرجنسی سروسز کی ایمبولینسوں کو آگے جانے سے روک دیا، جس سے شہید خاتون کی میت اور زخمیوں کو اٹھانے میں تاخیر ہوئی. خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں دراندازی کی کارروائیاں صہیونی فوج کا روز کا معمول بن چکا ہے. اسرائیلی قابض فوج آئے روز ٹینکوں اور بلڈوزروں کے ساتھ غزہ کی پٹی میں داخل ہو کر بمباری کرتی اور شہریوں کی املاک اور فصلوں کو تباہ کر رہی ہے.