لسطینی شہر غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے دو الگ الگ فضائی حملوں میں کم از کم پانچ فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی “رائٹرز” کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعرات کو علی الصباح غزہ کے مختلف علاقوں میں جنگی جہازوں سے بمباری کی۔ حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی کارروائی فلسطینی مزاحمت کاروں کے راکٹ حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے شمال مغرب میں شیخ رضوان کے علاقے میں القسام بریگیڈ کے ایک تربیتی مرکز پر میزائل داغے، جس سے کم از کم پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ بمباری سے کئی مکانات کو بری طرح نقصان پہنچا۔
اسرائیلی طیاروں نے دوسرا حملہ شہر کے جنوب مشرق میں البریج مہاجر کیمپ کے قویب “حجرا لدیک” کے مقام پر کیا۔ اسرائیلی فوج کے داغے گئے کئی گولے کھیتوں میں گرے، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
ادھر حماس نے اسرائیلی طیاروں کے دو الگ الگ حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم تنظیم کا کہنا ہے کہ حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
قبل ازیں اسرائیلی فوجی ترجمان نے اطلاع دی تھی کہ غزہ سے مزاحمت کاروں کا داغا گیا ایک راکٹ اسرائیل کے جنوب میں گرا جبکہ ایک دوسرا راکٹ سرحد پر فلسطینی حدود میں پھٹا ہے، تاہم دونوں راکٹ حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ صہیونی فوج کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے اس سال اب تک اسرائیلی علاقوں میں 120 راکٹ داغے ہیں، ان میں سے بیشتر راکٹ ھاون طرز کے بتائے جاتے ہیں۔