میڈیکل ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی کے مرکز اور جنوبی علاقے میں اسرائیلی لڑاکا جہازوں کی بمباری سے چھے شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے شہدائے اقصی اہسپتال کے ترجمان ادھم ابو سلمیہ نے بتایا کہ چار زخمیوں کا تعلق اللوح قبیلے سے ہے۔ اللوح قبیلے کے یہ افراد غزہ کے وسطی علاقے دیر البلح میں واقع اپنے گھر پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے زخمی ہوئے۔ جمعہ کے روز اسرائیلی لڑاکا جہازوں سے غزہ کے مرکز اور جنوبی علاقوں میں دو حملے کئے۔ ان حملوں میں چھے فلسطینی زخمی ہوئے۔ غزہ کی پٹی میں یہ حملے شہر کے مرکز میں “کیسوفیم” کراسنگ کے قریب کئے گئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کا کہنا ہے کہ بمباری میں اسرائیلی طیاروں نے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا۔ یاد رہے کہ اسرائیلی طیاروں کے حالیہ حملے صہیونی ریاست کے اس اعلان کے بعد کئے گئے ہیں جن میں دعوی کیا گیا تھا کہ فلسطینیوں کے فائر کردہ گراڈ اور ھاون طرز کے متعدد راکٹ مقبوضہ مغربی صحرائے نقب کے علاقے میں گرے۔