فلسطینی سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز شمالی غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں میں شہید ہونے والے دو افراد کا تعلق مصر سے تھا۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کی شام اعلان کیا تھا کہ اس نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیا کے مشرقی علاقے میں واقع ’’شہداء قبرستان‘‘ میں دو افراد کو بمباری کر کے مار ڈالا ہے جو وہاں دھماکہ خیز مواد نصب کر رہے تھے۔ موقع پر موجود افراد کا کہنا ہے کہ ان دونوں نے اسرائیلی فوج کے خلاف مزاحمت بھی کی۔ اسرائیلی فوج کے ٹینکوں، لڑاکا طیاروں کے علاقے میں داخلے سے قبل انہوں نے دلیرانہ مزاحمت کی تھی۔ اس کارروائی کے بعد دونوں کے جسد خاکی کو کمال عدوان ہسپتال لایا گیا جہاں کوئی ان کی شناخت کے لیے نہیں آیا۔ نہ ہی اس موقع پر ان کے پاس سے کوئی شناختی ثبوت مل سکا۔ اس سے قبل صحرائے سینا کے گارڈز نے اسرائیلی حملے میں کسی مصری شہری کی شہادت کی نفی کی تھی۔ یہ بات معلوم نہ ہوسکی کہ ان دونوں کو مصر کے حوالے کیے بغیر غزہ کی پٹی میں دفن کیا گیا یہ نہیں۔