اسرائیلی فوج نےغزہ کے مختلف علاقوں میں ایک مرتبہ پھر بمباری کی ہے جس میں کم ازکم 15 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ صہیونی جنگی طیاروں نے بمباری کے دوران غزہ کے جنوب میں پہلے سے تباہ شدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور شمال میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک مبینہ تربیتی مرکزکو نشانہ بنایا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی لڑا کا طیاروں نے جنوبی غزہ میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب شہری دفاع کے دفتر پر تین میزائل داغے، جبکہ بمباری میں غزہ اور مصر کے درمیان سرحد پر زیر زمین ایک سرنگ کو نشانہ بنائے جانےکی بھی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح اسرائیلی فوج کے “ایف سولہ” طیاروں کے ذریعے غزہ کے شمالی علاقے بیت حانون میں اسلامی تحریک مزاحمت- حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ٹریننگ سینٹر پرگولہ باری کی گئی، جس سے ایک پولیس اہلکار اور ایک مزاحمت کار زخمی ہو گیا۔ حملے میں نشانہ بننے والی عمارت مکمل طور تباہ جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بمباری کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں ایمر جنسی میڈیکل سروسز نے اسرائیلی جنگی طیاروں کی گولہ باری سے 15 فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ایمر جنسی سروسز ذرائع کے مطابق گولہ باری سے شہریوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فلسطینی ایمر جنسی میڈیکل سروسز نے صہیونی طیاروں کی گولہ باری میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔