“یورپی مہم برائے انسداد غزہ محاصرہ” تنظیم نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے غزہ محاصرے کو فوری طور پر ختم کرنے کے مطالبے کوسراہا ہے۔
اس مہم میں شامل ایک رکن، محمد حنون نے بدھ کو اخبارات کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس مطالبے پر عملدرآمد کی فوری ضرورت ہے اور اسرائیل کو اس سلسلے میں یہ محاصرہ ختم کرنے کیلئے مجبور کرنا پڑے گا کیونکہ غزہ وادی میں پانچ لاکھ سے زائد لوگ اس محاصرے کے نتیجے میں بد حالی اورمعاشی بحران کا شکار ہیں۔
محمد حنون نے کہا کہ ایک سال پہلے بھی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے ایسا ہی مطالبہ کیا گیا تھا۔ڈبلیو ایچ او کے اس فیصلے کی توثیق 63 ممالک نے کی اوراس کی مخالفت امریکا سمیت 51 ممبر ممالک نے کی۔
حنون نے کہا کہ اس محاصرے کے نتیجے میں غزہ وادی میں ان بیماروں کی حالت بہت ہی خراب ہوتی جا رہی ہے جنہیں بیروں ملک علاج کیلئے جانا تھا کیونکہ تمام کراسنگ پوائنٹس بند کردئیے گئے ہیں اور غزہ وادی میں ان کے علاج کیلئے مناسب ادویات اور مشنری موجود نہیں ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ انسانی بنیادوں پر اس معاملے کو سمجھ لیں اور اس محاصرے کو ختم کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں