غزہ میں قائم فلسطینی حکومت کے باخبر ذرائع کے مطابق فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے علاقے میں ہسپتال کے قیام کے لیے 50 ایکڑ اراضی مختص کر دی ہے۔ یہ ہسپتال مکمل طور پر برادر ملک مراکش کے عطیات سے تعمیر کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ہسپتال کی تعمیر کے لیے رفح کے زیادہ آبادی والے مغربی علاقے کو منتخب کیا ہے۔ جگہ کے تعین سے پہلے پوری غزہ کی پٹی کے حالات کا جائزہ لیا گیا اور ایک مربوط اسٹڈی کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ علاقے کی دو لاکھ آبادی کے لیے ہسپتال کی اشد ضرورت ہے۔ قبل ازیں مراکش کے طبی وفد کے سربراہ نے اعلان کیا تھا کہ مراکش غزہ میں ایک ہسپتال تعمیر کرنا چاہتا ہے جہاں ہر طرح کی سہولیات میسر ہوں۔ یہ ہسپتال ایسا ہی ہو گا جیسے مراکش میں ہوتے ہیں اس ہسپتال میں تمام سہولیات مراکش اور عرب ممالک کے ہسپتالوں کی طرح ہونگیں۔