غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی افواج نے آج منگل کے روز مسلسل 122 ویں دن بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھیں اور قطاع غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری کرنے سمیت رہائشی عمارتوں کو بارود سے اڑانے کا سلسلہ برقرار رکھا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض دشمن کے طیاروں نے آج صبح قطاع غزہ کے جنوبی شہر رفح پر 5 فضائی حملے کیے۔
طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح غزہ شہر کے جنوب مشرقی محلے زیتون میں قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے دو شہری زخمی ہو گئے۔
نام نگار نے بتایا کہ قابض دشمن کی توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرقی علاقوں کو نشانہ بنایا جبکہ قطاع کے جنوب میں واقع شہر خان یونس کے مشرقی حصے میں دو مقامات پر عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا اور شہر کے وسط میں اندھا دھند فائرنگ کی۔
اسی طرح قابض افواج نے غزہ شہر کے مشرق میں بھی عمارتوں کو منہدم کرنے کی کارروائی کی جبکہ اسرائیلی جنگی کشتیوں نے قطاع کے جنوب میں سمندر کی جانب سے شدید گولہ باری کی۔
گذشتہ روز پیر کو اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 6 شہری شہید ہوئے جن میں سے 4 افراد غزہ شہر کے مغرب میں سویدی النصر کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں لقمہ اجل بنے۔
جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد کے آغاز سے لے کر اب تک قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 612 فلسطینی جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں جن میں 194 بچے اور 83 خواتین شامل ہیں جبکہ 1541 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سنہ 2023ء میں 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس نسل کشی کی جنگ میں اب تک قابض افواج 72 ہزار سے زائد شہریوں کو شہید اور تقریباً 1 لاکھ 72 ہزار کو زخمی کر چکی ہیں جبکہ 8 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ شہری انفراسٹرکچر کا تقریباً 90 فیصد حصہ وسیع پیمانے پر تباہ ہو چکا ہے جس کی تعمیرِ نو کی لاگت کا تخمینہ اقوام متحدہ نے تقریباً 70 ارب ڈالر لگایا ہے۔
