فلسطینی وزرات صحت کے مطابق سوائن فلو کی وبا غزہ پہنچ گئی ہے، جس کے باعث اس جان لیوا وائرس کے پھیلنے سے کم از کم تین افراد جاں بحق اور دیگر نو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ہسپتال ذرائع کے مطابق سوائن فلو کا شکار ہونے والے نو شہریوں میں سے چار کی حالت بہتر ہورہی ہے تاہم تاحال تمام متاثرین کو ایمرجنسی ایوارڈز میں رکھا گیا ہے۔ سوائن فلو کی وبا پھیلنے کےبعد شہریوںمیںشدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں بڑی تعداد میں شہری (ایج ون، این ون) کی تشخیص کے سلسلے میں ہسپتالوں میں آ رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے سوائن فلو کے باعث ہسپتالوں میں شہریوں کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے احکامات جاری کیے ہیں، جبکہ ہسپتالوں کے عملے کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مسلط معاشی ناکہ بندی کے باعث ادویات کی شدید قلت ہے جس سے طبی عملے اور مریضوں کوشدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔