غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس کیمپ میں بے گھر افراد کے خیمے کو نشانہ بنانے والی قابض اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جمعہ کی شام ایک شہری شہید اور تین دیگر زخمی ہو گئے جس کے بعد جمعہ کی سے شہید ہونے والوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شہری ستائیس سالہ ایاد رہیب العتال خان یونس کیمپ پر غاصب اسرائیلی حملے میں دیگر افراد کے ساتھ زخمی ہونے کے کچھ دیر بعد شہید ہو گئے تھے۔
اس سے قبل غاصب فوج کی فائرنگ سے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع بلدہ بیت لاہیا میں زخمی ہونے والے شہری احمد سعد اسماعیل غبن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔
اسی طرح غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاہیا کے العطاطرہ علاقے میں غاصب فوج کی گولیوں سے شہری حسام حسن ابو خوصہ شہید ہو گئے۔
جمعہ کی صبح غاصب اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر خان یونس اور پٹی کے وسط میں واقع البریج کیمپ میں فلسطینی پولیس کی دو چوکیوں کو نشانہ بنانے کے بعد چار شہری شہید ہو گئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں اور دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ کارروائی اکتوبر سنہ 2025ء میں طے پانے والے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے سیاق و سباق میں ہوئی ہے۔
قابض اسرائیلی ڈرون کی جانب سے پٹی کے جنوب میں خان یونس کے مغرب میں المسلخ چوک پر فلسطینی پولیس کی چوکی کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں تین شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔
معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ شہداء میں خالد الزیان حسن حامد اور علی باسم ابو شمالہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو علاج اور ضروری طبی کارروائی کے لیے خان یونس کے ناصر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسی طرح کے حملے میں البریج کیمپ میں فلسطینی پولیس کی چوکی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کی جانب سے گذشتہ جمعرات کو جاری کردہ یومیہ رپورٹ کے مطابق گیارہ اکتوبر سنہ 2025ء کو سیز فائر کے بعد سے قابض دشمن کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 618 افراد شہید اور 1663 زخمی ہو چکے ہیں۔
