فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما مظفر احمد ہاشمی، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، صابر کربلائی، محفوط یار خان اور دیگر کا اظہار تعزیت
کراچی( )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما او ر ملی یکجہتی کونسل سندھ کے نائب صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور مرکزی ترجمان صابر کربلائی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوط یار خان ایڈووکیٹ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا صادق رضا نے گذشتہ روزفلسطینی علاقے غزہ میں غاصب صیہونی افواج کے حملے میں شہید ہونیو الے چار مجاہدین کی شہادت پر دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین کے عوام اور اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کو ہدیہ تعزیت پیش کی ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس کی راہ میں جان قربان کرنا عین عبادت ہے اور حماس کمانڈر کی شہادت نہ صرف فلسطینیوں کے لئے بلکہ پوری مسلم امہ کے لئے ایک نا قابل تلافی نقصان ہے جسے کسی صورت پورا نہیں کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے گذشتہ شب غزہ پر ہونیو الے اسرائیل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف راست اقدام کیا جائے اور غزہ پر صیہونی محاصرے کو بھی ختم کروانے میں اقدامات کئے جائیں کیونکہ غزہ پر قائم اسرائیلی محاصرے کو پانچ سال سے زائد ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے پندرہ لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ شب غزہ پر اسرائیلی دہشت گرد افواج نے بھاری حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں چار مجاہدین شہید ہوئے ہیں ، فلسطینی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے عسکری ونگ کے ایک کمانڈر ربیع البرکہ بھی اسرائیلی ٹینک حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔حماس کے شہید ہونیو الے مجاہدین میں ربیع البرکہ، خالد ابو بکر،محمد قسام اور محمد داؤد شامل ہیں۔