غزہ میں جامعہ فلسطین نے پہلے بین الاقوامی القدس فلم فیسٹیول کی تیاریاں شروع کردی ہیں- فلم فیسٹیول کے چیئرمین ڈاکٹر حسین ابو شنب نے کہاہے کہ فیسٹیول میں شرکت کے لیے ملکی اور غیر ملکی فن کاروں، فلم پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرکو دعوت نامے ارسال کئے جانے کا کام شروع ہوگیا ہے- انہوں نے فلم فیسٹیول کے انعقاد کے لیے تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں کہا ہے کہ فلم فیسٹیول کے انعقاد سے فلسطینی ثقافت اور مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا- انہوں نے مزید کہاکہ بیت المقدس فلسطین اور اسلامی دنیا کا دل ہے – زمین سے آسمان اور آسمان سے زمین کا دروازہ ہے- انہوں نے مزید بتایا کہ فیسٹیول میں فلمیں شامل کرنے کی آخری تاریخ 30نومبر ہے- واضح رہے کہ فلم فیسٹیول کا انعقاد غزہ کے وسط میں جامعہ فلسطین میں 21تا 23دسمبر 2009ء کو ہوگا-