قابض صہیونی فوج کی غزہ کی پٹی پر بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے. منگل کے روز قابض فوج نے خان یونس میں توپخانے سے شدید گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شہری شہید اور چار دیگر زخمی ہوئے ہیں. زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے.
فلسطینی محکمہ ایمرجنسی سروسز کے میڈیا ڈائریکٹر ادھم ابو سلیمہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو خصوصی گفتگو میں بتایا کہ قابض فوج کی گولہ باری سے کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے اور گولہ باری کے بعد زخمی حالت میں لائے گئے چار افراد کو ٹانگوں میں زخم آئے ہیں.
خیال رہے کہ منگل کو 22 سالہ حسن ابو روک کی شہادت کے بعد گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد تین ہو گئی ہے. ایک روز قبل قابض فوج نے اسی علاقے میں گولہ باری کر کے القدس بریگیڈ کے دو کارکن شہید کر دیے تھے.