فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیلی فوج کے لڑاکا طیاروں کی بمباری کاسلسلہ جاری ہے. اطلاعات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب قابض صہیونی فوج کے ایف سولہ طیاروں نے تین مقامات پر بمبای کی تاہم آخری اطلاعات آنے تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہو سکی. مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق قابض فوج نے رات گئے مشرقی غزہ میں الزیتون کے مقام القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پر ایک میزائل حملہ کیا جس سے کئی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی.دو دیگرحملے شمالی غزہ میں رفح بارڈر کے قریب کئے گئے جہاں حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا. وہاں پر بھی حملوں میں شہری املاک کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی شخص کے شہید یازخمی ہونے کی اطلاع نہیں مل سکی. دوسری جانب غزہ میں میڈیکل و ایمرجنسی سروسز کے میڈیا ایڈوائزر ادھم ابو سلمیہ نے کہا ہے کہ صہیونی فوج کی بمباری کے بعد تمام جائے وقوعہ کی جانب امدادی ٹیمیں روا نہ کر دی گئی ہیں. تاہم انہوں نے حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی.