مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
قابض اسرائیلی فوج نے مسلسل ساٹھویں روز بھی غزہ کی پٹی میں اعلان شدہ سیز فائر کی کھلی خلاف ورزی جاری رکھتے ہوئے رہائشی عمارتوں اور مختلف شہری علاقوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع کے مطابق تازہ ترین اسرائیلی اشتعال انگیزی میں گھروں اور رہائشی عمارتوں کو بارود سے اڑانے سمیت شدید فضائی اور زمینی بمباری شامل ہے جو مشرقی غزہ شہر اور رفح کے مختلف علاقوں پر کی گئی۔ خان یونس کے ساحل پر قابض بحریہ کی جنگی کشتیاں بھی اندھا دھند فائرنگ کرتی رہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے مشرقی غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں بارود سے بھری ایک بکتر بند گاڑی دھماکے سے اُڑا دی جس سے علاقے میں تباہی اور خوف کی فضا مزید گہری ہو گئی۔ اسی طرح اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شہر کے مشرق میں واقع التفاح اور الزيتون محلوں پر بھی وحشیانہ بمباری کی۔
قابض فورسز کی زمینی گاڑیوں نے وسطی غزہ کے البریج کیمپ کے شمال مشرقی حصے کی جانب بھی گولیاں برسائیں اور اسی طرح شمالی رفح کے علاقے محور موراج کے قریب بھی اسرائیلی فوجی گاڑیوں کی فائرنگ جاری رہی۔
غزہ کے عوام پر یہ مسلسل حملے قابض اسرائیلی ریاست کی جانب سے سیز فائر کی دانستہ پامالی اور فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کے واضح ثبوت ہیں جن کے نتیجے میں شہری آبادی ہر گزرتے دن مزید خطرات میں گھر رہی ہے۔